بلوچستان پولیس کو گشت اور ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے 865 موٹر سائیکلیں فراہم کردی گئی ہیں۔ محکمہ پولیس کے مطابق نئی موٹر سائیکلوں کی فراہمی کا مقصد صوبے میں پٹرولنگ کے نظام کو مضبوط بنانا، پولیس اہلکاروں کی نقل و حرکت بہتر کرنا اور مختلف علاقوں میں فوری کارروائی کی صلاحیت بڑھانا ہے۔ فراہم کی گئی موٹر سائیکلوں میں سے 298 موٹر سائیکلیں محکمہ انسداد دہشت گردی کے لیے مختص کی گئی ہیں جبکہ 30 موٹر سائیکلیں کوئٹہ ضلعی پولیس کو دی گئی ہیں۔ باقی موٹر سائیکلیں ضرورت اور آپریشنل تقاضوں کے مطابق دیگر متعلقہ پولیس یونٹس میں تقسیم کی جائیں گی۔ پولیس حکام کے مطابق نئی گاڑیوں سے اہلکاروں کو گشت کے دوران بہتر نقل و حرکت کی سہولت ملے گی اور حساس علاقوں میں بروقت رسائی ممکن ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے، جرائم کی روک تھام اور سیکیورٹی سے متعلق ہنگامی صورتحال میں پولیس کے فوری ردعمل کو مزید مؤثر بنانا ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ جدید وسائل اور ضروری آلات کی فراہمی سے بلوچستان پولیس کی عملی استعداد میں اضافہ ہوگا اور عوامی تحفظ کے لیے جاری اقدامات کو مزید تقویت ملے گی